اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ 26-2025 کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی )کے تحت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کے 10 جاری اور5 نئے منصوبوں کےلئے مجموعی طور پر4253.738ملین روپے مختص کئے ہیں ۔
منگل کو جاری پی ایس ڈی پی کے اعدادوشمارکے مطابق ڈویژن کے 10جاری منصوبوں کےلئے 3250.597ملین روپے جبکہ 5 نئے منصوبوں کےلئے 1003.141ملین روپے مختص کئے ہیں۔
وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کے جاری منصوبے خضدار، تربت اور لاہور میں سیڈ سرٹیفیکیشن لیبارٹری کے قیام کےلئے 30ملین روپے ، نیشنل سیڈ انہانسمنٹ پروگرام کےلئے 500ملین روپے ، ملک کے بارانی علاقوں میں کاشتکاری کے فروغ کے منصوبوں کےلئے 585.595ملین روپے
،زیتون کی کمرشل بنیادوں پر کاشت کو فروغ دینے کے منصوبے کے لئے 585.597 ملین روپے ، آلوکی پیداوار میں اضافے کے لئے پاکستان کوریا جوائنٹ وینچر پروگرام کےلئے 85ملین روپے ، نیشنل ریفارمز پروگرام کے تحت استعداد بڑھانے کے منصوبے کےلئے 50ملین روپے ،
وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے پراجیکٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ یونٹ کے لئے 150 ملین روپے ، جانوروں کی بیماریوں کے تدارک کے منصوبے کےلئے 800ملین روپے ، قومی سطح پر زرعی پیداوار بڑھانے کے منصوبے کےلئے 450ملین روپے جبکہ پاکستان ماڈل ایگرکلچر ریسرچ سنٹر کے قیام کےلئے 100ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ۔
جاری اعدادوشمارکے مطابق وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے نئے منصوبوں شیخوپورہ میں ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کےلئے 300ملین روپے ، گنے کی پیداوار میں اضافے اور فصل کی نگرانی کے منصوبے کےلئے 120.281ملین روپے ، سسٹین ایبل ایگری بزنس اینڈ ڈویلپمنٹ منصوبے کےلئے 200ملین روپے ، کپاس کی پیداوار کوبڑھانے کے منصوبے کےلئے 125.800ملین روپے جبکہ پاک سرزمین منصوبے کے تحت دور دراز علاقوں میں زرعی شعبہ کی ترقی کے منصوبہ کےلئے 257ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔