پی ایس ڈی پی کے تحت پاور ڈویژن کی جاری اور نئی سکیموں کیلئے 107413.044 ملین روپے مختص

87
PSDP

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 24-2023 کے وفاقی بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی)کے تحت پاور ڈویژن کی جاری اور نئی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 107413.044 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی ہے جس میں 25638.61 ملین روپے کی غیر ملکی معاونت بھی شامل ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق پاور ڈویژن کے 30 جاری سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 66404.525 ملین روپے شامل ہیں جس میں سے 19826.613 ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے۔

جاری سکیموں میں سے بجلی کی ترسیل میں بہتری کیلئے پیسکو کی سکیم کیلئے 1050 ملین روپے مختص کئے گئے جس میں سے 1000ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے جبکہ سنٹرل ایشیا اور سائوتھ ایشیا ٹرانسمیشن انٹرکنکشن کاسا۔1000 جو کہ تاجکستان اور پاکستان کے مابین 500 کے وی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن سسٹم کیلئے مجموعی طور پر 16099.255 ملین روپے جس میں سے 3513 ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے۔

اسی طرح 500 کے وی نارتھ لاہور کیلئے مجموعی طور پر 3904.500 ملین روپے جس میں سے تقریباً 960ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے۔ این ٹی ڈی سی سسٹم کی ایکسٹیشن اور گرڈ سٹیشنز کیلئے 4965 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں سے 1915 ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے۔ 260 میگاواٹ داسو ایچ پی پی سٹیج ون سے بجلی نکالنے کیلئے 5667.094 ملین روپے جس میں سے 2416.420 ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے جبکہ سکی کناری سے بجلی کی پیداوار کیلئے 13800 ملین روپے جس میں سے 2800 غیر ملکی امداد شامل ہے۔

این ٹی ڈی سی کے سکاڈا سسٹم کیلئے 2324 ملین روپے جس میں سے 664 ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے۔این ٹی ڈی سی کے 500 کے وی اور 220 کے وی کے نئے گرڈ سٹیشنز کیلئے 7000 ملین روپے مختص کئےگئے ہیں جس میں سے 4000 ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 28 نئی سکیموں کیلئے 9097.132 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں سے 2812 ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے۔

نئی بڑی سکیموں میں سے 500 کے وی اسلام آباد ویسٹ کیلئے 1900 ملین روپےمختص کئے گئے ہیں جس میں سے 700 ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہے۔ اسی طرح ورلڈ بینک کی طرف سے میپکو کیلئے 1000 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ورلڈبینک کی طرف سے حیسکو کیلئے بھی 1000 ملین روپے مقرر کئے گئے ہیں۔ یوسف والا میں ٹرانسفارمرز کیلئے 1300 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔