لاہور۔13اپریل (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی بنگلہ دیش کی فرنیچر کی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے مسابقتی نرخوں پر اعلی اور بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔
اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط اور پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پریمیم میٹریل کے ساتھ ہنر مند کاریگروں کے تیار کردہ پائیدار، جمالیاتی لحاظ سے دلکش اور سستے فرنیچر کی وجہ سے پاکستانی فرنیچر اس ریجن کی انڈسٹری میں بزنس لیڈر ہے، امید ہے کہ بنگلہ دیشی خریدارکم نرخوں پر دستیاب پاکستان کے بہترین گھریلو، دفتری اور تجارتی فرنیچر کی وسیع رینج سے بھر پور استفادہ کریں گے۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ہمارا بہترین معیار، جدت اور صارفین کے ذوق سے ہم آہنگ فرنیچر عالمی فرنیچر مارکیٹ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مسابقت کی عکاسی کرتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581194