اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پی ایم سی نےایم ڈی کیٹ کا امتحان تا حکم ثانی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پورٹل کو مزید 2 ہفتے کے لئے کھول دیا گیا ہے، جو طلباء رجسٹریشن کرانے سے رہ گئے ہیں وہ اپنی رجسٹریشن مکمل کرا لیں،اب ایم ڈی کیٹ کا امتحان صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان میڈیکل کمیشن( پی ایم سی) وجود میں آ گیا جس کا بدھ کو پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ پروفیسر نوشاد شیخ پی ایم سی کے نئے صدر منتخب ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا مسئلہ تھا جس کا آخرکار آج حل نکل آیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے پی ایم سی کو تحلیل کیا تھااور اس کے لئے ایک سرچ کمیٹی بنائی گئی تھی ۔سرچ کمیٹی کی جانب سے اپنے تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے،اشتہارات کی ذریعے پورے ملک سے طبی ماہرین کو مدعو کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 100 کے قریب انتہائی قابل ماہرین نے اپلائی کیا اور عمل پورا ہوا،ہائی نمبرنگ والوں کی فہرست وزیراعظم کو ارسال کی گئی اور انہوں نے منظور کی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک سیلاب کی وجہ سے بری طرح متاثر ہے،صوبے اور وفاق اپنے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لئے مصروف ہیں ،تقریبا 1300 لوگوں کی اب تک جانیں جا چکی ہیں لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان تا حکم ثانی ملتوی کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل کو مزید 2 ہفتے کے لئے کھول دیا گیا ہے تاکہ جو طلباء رجسٹریشن کرانے سے رہ گئے ہیں وہ اپنی رجسٹریشن مکمل کرا لیں،اب ایم ڈی کیٹ کا امتحان صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاسنگ شرح کو ایم بی بی ایس کے لئے 65 فیصد اور بی ڈی ایس 55 فیصد تھی جو کہ اب دونوں میں 10 فیصد کم کر دی گئی ہے۔ایم بی بی ایس کے لئے 55فیصد اور بی ڈی ایس کے لئے 45فیصد کر دی گئی ہے۔