لاہور۔30جون (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور نے گزشتہ مالی سال میں مختلف کاروباری منصوبہ جات سے 2.35 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے جو مالی سال 23-2022 میں کمائے گئے 1.60 ارب سے 75 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ جاری ایک بیان میں ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر وٹو نے بتایا کہ شعبہ مارکیٹنگ نے 23-2022 میں کمائے گئے 1.19 ارب روپے کے مقابلے میں 24-2023 میں 1.44 ارب روپے زیادہ کمائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے نے ڈیجیٹل سٹیمرز، ایل ای ڈی سکرینوں، شاپ بورڈز، کمرشل نرسریوں، گفٹ شاپس اور ہاوسنگ سوسائٹیوں کے نظرثانی شدہ این او سی کی فیسوں اور دیگر کاروباری اقدامات سے مالیاتی اہداف سے زائد آمدن حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے ملازمین کی محنت اور ادارہ جاتی اصلاحات سے ریونیو میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اہل لاہور کو سرسبز ماحول کی فراہمی ممکن ہوئی ہے جس سے لاہور پھولوں اور باغات کا شہر بن گیا ہے