پی اے آرسی پارسا ایسو سی ایشن کے سائنٹسٹ پینل کی تقریب حلف برداری،حکومت زراعت کی بہتری کے لئے کوشاں ہے،وفاقی وزیر سید فخر امام کا خطاب

75

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے زرعی سائنسدانوں کی ایسو سی ایشن پی اے ار سی سائنٹسٹ پینل کی حلف برداری تقریب کاانعقاد قومی زرعی تحقیقاتی مرکز اسلام آباد میں ہوا۔ تقریب سے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام تھے۔

تقریب میں چیئر مین پی اے آرسی ڈاکٹر محمد عظیم خان، پی اے آرسی کے ٹیکنیکل ممبران، سید شمیم السبطین شاہ ڈی جی این اے آرسی اور زرعی سائنسدانوں نے شرکت کی۔

حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید فخرامام نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ابتداءہی سے زراعت کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے کیونکہ ملک کی 70فی صد آبادی کا انحصار زراعت پر ہے اور 45فی صد لوگوں کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے نیز جی ڈی پی میں زراعت کا اہم کردار ہے، ہماری حکومت نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کے ترقیاتی بجٹ کو ایک ارب سے بڑھا کر 30ارب کر دیا ہے ،

اس کے علاوہ وزیر اعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم ، گنے ، دالیں ، چاول اور تیلدار اجناس کی پیداوار کو ملکی ضروریات کے مطابق بڑھانے اور ملک کو زرعی اجناس میں خود کفیل کرنے کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں۔ زراعت کی بہتری کے لئے دیگر اہم اقدامات میں ہائبرڈ سیڈ ٹیکنالوجی ، جینیٹک انجنیئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ، آبی ذخائر ، چراگاہوں اور دیگر زرعی ذخائر کا تحفظ، زیادہ دودھ اور زیادہ گوشت پیدا کرنے والے جانوروں کی جدید طریقوں سے افزائش نسل اور زرعی سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے کے لئے زیادہ سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی تربیت کے مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ملک کے زرعی تحقیقی اداروں کی بہتری کے لئے فنڈ ز کی مستقل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے نیز ان کی کوشش ہے کہ پی اے آرسی ملازمین کی پنشن ایس پی ایس سکیل پر دی جائے اور سائنسدانوں کے ساتھ ٹیکنیکل کیڈر کو بھی ٹیکنیکل الائونس دیا جائے۔

چیئر مین پی اے آرسی ڈاکٹر محمد عظیم خان نے حلف برداری تقریب کے شرکاءسے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ان سائنسدانوں کی محنت کی وجہ سے پاکستان اب گندم ، چاول گنے ، مکئی وغیرہ جیسی بڑی غذائی اشیاءمیں خود کفیل ہے ۔

چیئرمین پی اے آر سی نے تقریب کے لیے اپنا قیمتی وقت نکالنے پر معززین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ سائنسدان پاکستان میں زرعی شعبے کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔

انہوں نے معزز مہمانوں کو پی اے آر سی کے موجودہ بجٹ خسارے کے بارے میں بھی بتایا اور اس کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ نئے منتخب صدر عزیز اللہ شاہ نے اس موقع پر کہا کہ الیکشن میں کامیابی پر وہ اللہ کے شکر گزار ہیں۔ ان کے ایسوسی ایشن ادارے کی ترقی کے لئے دن رات کام کرے گی ۔

زرعی سائنسدانوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے ان کی ایسو سی ایشن ہر ممکن اقدام کرے گے اور سائنسدانوں کے تمام مسائل کو ہر فورم پر اٹھائینگے ۔ انہوں نے وفاقی وزیر سے پی اے آرسی کے نان آفیشل ممبران کی کیبنٹ سے منظوری ، پی اے آرسی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے مستقل ممبران کی منظوری اور پی اے آرسی کے فنڈز کی مستقل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔