پی اے سی نے ڈیزائن کی منظوری کے بغیر لاہور سیالکوٹ موٹروے منصوبے کی تعمیر کا آڈٹ اعتراض نمٹا دیا

116
National Accounts Committee
National Accounts Committee

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔ وزارت مواصلات کی آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے آڈٹ حکام نے بتایا کہ کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بننے کے باوجود ابھی تک اس کا تفصیلی ڈیزائن منظور نہیں ہوا ۔

لاہور سیالکوٹ موٹروے منصوبہ 43 ارب روپے سے شروع ہوا تھا۔ ایف ڈبلیو او نے دو مرتبہ ڈیزائن جمع کرایا جسے این ایچ اے نے مسترد کر دیا تھا۔ سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ ڈیزائن کو 40دن میں منظور نہ ہونے کی صورت میں منظور شدہ تصور کیا جاتا ہے۔ آڈیٹر جنرل نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بن بھی گئی ڈیزائن آج تک منظور نہیں ہوا،کسی وجہ سے ہی این ایچ اے بورڈ نے ڈیزائن مسترد کیا تھا، اگر این ایچ اے کو ڈیزائن پر اعتراض تھا تو موٹروے کیوں بننے دی۔

ایف ڈبلیو او حکام نے کہا کہ ٹینڈر کیلئے بولی کے وقت بھی ڈیزائن جمع کرایا تھا۔ بعد ازاں بھی دو مرتبہ ڈیزائن جمع کرایا لیکن این ایچ اے نے اعتراضات لگا دئیے۔ کمیٹی نے ڈیزائن کی منظوری کے بغیر لاہور سیالکوٹ موٹروے منصوبے کی تعمیر کا آڈٹ اعتراض نمٹا دیا۔