اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے )کے چیئرمین عالمگیر اے شیخ اورجونیئر نیشنل چیمپئن محمد حسنین اختر جنہوں نے حال ہی میں ریاض میں ہونے والی سنوکر چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا ہے نے پیر کوسیکرٹری کھیل، وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی )ندیم ارشاد کیانی سے پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹرکراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پی بی ایس اےکے چیئرمین نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے بروقت مالی معاونت / گرانٹس کی تعریف کی جس سے پاکستان سنوکر ٹیم اپنے بین الاقوامی وعدوں کو پورا کرنے میں کامیاب ہوئی۔
ملاقات میں پشاور ، کراچی اور کوئٹہ میں سنوکر اکیڈمیوں کے قیام اور نیشنل ٹریننگ سینٹرز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ پی بی ایس اےکے چیئرمین نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ پی بی ایس اے کی طرف سے اکیڈمیوں کے لیے ہر سینٹر میں2 سنوکر ٹیبل فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے سیکرٹری سپورٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ جونیئر سنوکر کھلاڑیوں کوجدید اوراعلیٰ معیار کی تربیت کےلئے ایران سے انٹرنیشنل سنوکرکوچ سہیل واحدی کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دیں۔
اس موقع پر وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری ندیم ارشاد کیانی کو ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ ایسوسی ایشن/فیڈریشن پاکستان میں سنوکر اور بلیئرڈ کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ انڈیا کے شہر بنگلور میں 24 سے 31 اگست تک منعقد ہونےوالی آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 17 اور انڈر 21 مین سنوکر چیمپئن شپس میں شرکت کےلئے ہندوستان کی وزارت خارجہ اور داخلہ کے این او سی کا انتظار کر رہا ہے۔سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے سنوکر کے کھیل کے فروغ کےلئے ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا۔