لاہور۔13مئی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سابق ٹیسٹ فاسٹ بائولر عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عاقب جاوید کی تقرری پاکستان کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔عاقب جاوید 1988 سے 1998 تک پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے اور اس دوران انہوں نے 22 ٹیسٹ اور 163 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
وہ ماضی میں قومی ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ہم عاقب جاوید کو بطور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کی تقرری اور مائیک ہیسن کی بطور وائٹ بال ہیڈ کوچ شمولیت پاکستان کرکٹ کے مستقبل کی تعمیر میں سنگِ میل ثابت ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ماہرین کی قیادت اور تجربہ قومی کرکٹ کے نظام کی ترقی، بہتری اور کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔عاقب جاوید کی تقرری کو کرکٹ حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ نوجوان ٹیلنٹ کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596489