پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ، رواں مالی سال کیلئے 18 ارب 30 کروڑ روپے کے بجٹ تخمینہ جات کی منظوری

53

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت جمعرات کے روز پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 78 واں اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر رواں مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 18 ارب 30 کروڑ روپے کے بجٹ تخمینہ جات کی متفقہ منظوری دی گئی۔چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی نے بجٹ کے اہم خدوخال پر بریفنگ دی۔

اجلاس میںمالی سال 25-2024 کے بجٹ استعمال پر اطمینان کا اظہار اورگزشتہ بورڈ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ کرکٹ کے فروغ کیلئے بہترین کارکردگی دکھانے والے ریجن کی ہر سال بھرپور حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت عمدہ پرفارمنس والے ریجن کو انعام دیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹاف کی پرفارمنس کو باقاعدہ مانیٹر کیا جائے گا۔

بورڈ آف گورنرز کے ممبران ظہیر عباس،سجاد علی کھوکھر،ظفر اللہ، طارق سرور، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن عامر میر، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی اور ہیڈ وویمنز کرکٹ رافعہ حیدر نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ انوار غنی، مصطفے رمدے، دانیال گیلانی،انوار احمد خان، ڈاکٹر شفیع الرحمن اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ آخر میںممبر بورڈ آف گورنرز انوار غنی نے دعائے خیر کرائی۔