پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ مقرر

49
PCB
PCB

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو آئی سی سی کا جنرل منیجر کرکٹ مقرر کردیا گیا۔ وہ جیف ایلارڈائس کی جگہ آئندہ ماہ اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جیف ایلارڈائس نے آئی سی سی کا چیف ایگزیکٹو مقرر ہونے سے قبل آٹھ سال تک اس عہدے پر اپنی خدمات انجام دیں۔

وسیم خان اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ، لیسٹر شائر کائونٹی کرکٹ کلب اور چانس ٹو شائن کے چیف ایگزیکٹو رہ چکے ہیں ۔وہ آئندہ ماہ سے آئی سی سی کے جنرل منیجر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ آئی سی سی پریس ریلیز کے مطابق اپنی تقرری کے حوالے سے وسیم خان نے کہا کہ مجھے آئی سی سی میں شامل ہونے پر فخر ہے۔

کرکٹ کی بہتری ، اس کے فروغ اور اپنے اراکین کے ساتھ شراکت داری شروع کرنے کا مزید انتظار نہیں کر سکتا۔ خواتین میں کرکٹ کے فروغ کے لئے آئی سی سی کے عزم کیلئے خاص طور پر پرجوش ہوں اور اگلی دہائی میں اس کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہوں۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس نے کہا کہ وسیم خان کو آئی سی سی میں خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے’ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے تجربے سے بہت فائدہ ہوگا۔