اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برسراقتدار آکر آزادکشمیر کی عوام کی محرومیوں، بے روزگاری اور پسماندگی کا مداوا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی سیکریٹریٹ گلبرگ اسلام آباد میں پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کی منشور کمیٹی کے پہلے باضابطہ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہماری حکومت میں آزادکشمیر کے انتظامی اور معاشی ڈھانچے کی تشکیل نو ہو گی اور آزادکشمیر کو خودکفالت کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے منشور کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ خواتین اور بیرون ملک آباد کشمیریوں کی اسمبلی میں نمائندگی میں اضافے کے لئے تجاویز بھی دیں۔ علاوہ ازیں نوجوان خواتین اور مردوں کو بلدیاتی الیکشن کے ذریعے قومی دھارے اور سیاسی نظام کاحصہ بنایاجائے گا۔آزاد کشمیرمیں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گامعذوروں کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ رکھا جائے گاطلبہ کو اعلی تعلیم کے لئے وظائف دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جاندار منشور اور جارحانہ بیانیہ ہی تحریک انصاف آزادکشمیر کے تبدیلی کے سلوگن کو ایک برانڈ کے طور پر متعارف کراسکتاہے۔ بیرسٹرسلطان محمود نے کہا کہ نوجوان جو آبادی کا ساٹھ فی صد ہیں ان کی محرومیوں، بے روزگاری اور آزادکشمیر کی پسماندگی کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں۔ انہوں نے منشور کمیٹی کو ہدایت کی کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی ٹھوس تجاویز پیش کریں۔ پی ٹی آئی برسراقتدار کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کوششیں بھی کرے گی اور مالی وسائل بھی مختص کرے گی۔اس موقع پر اجلاس میں منشور کمٹی کے چیئر مین اور سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی نے کہا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی کی علمبردار ہے، آزادکشمیر کو معاشی طور پر خوشحال اور اختیار بنانا ہمارا مشن ہے، منشور کو بھی انہی خطوط پر مرتب کیا جائے گا۔ اجلاس میں منشور کمیٹی کے ارکان میں مختلف شعبہ جات میں بہتری لانے کے لئے اپنی اپنی تجاویز دیں۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ ماہرین اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی مشاورت سے ایک تاریخ ساز منشور پیش کیا جائے گا جس پر پی ٹی آئی برسراقتدار آنے کے بعد پہلے دن سے ہی عمل درآمد شروع کردے گی۔اس موقع پراجلاس میں منشور کمیٹی کے چئیر مین ذوالفقارعباسی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود، راجہ محمد الیاس خان، مس ہانیا آفتاب، میجر (ر) رفیق اعوان، خواجہ بشیر احمد، چوہدری حنیف ایڈوکیٹ اور حماد گیلانی نے شرکت کی۔