پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کے ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا، بلال اظہر کیانی کی پریس کانفرنس

304

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کے ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا، عمران خان ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، مسلسل جھوٹ بولنے کیلئے کرائے کے ترجمان رکھے ہوئے تھے، فواد چوہدری جیسے لوگوں کا سیاسی کیریئر ان کے ذاتی مفادات کے گرد گھومتا ہے، موجودہ حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، اگست تک حالات بہتر ہو جائیں گے، مہنگائی میں کمی آئے گی، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، معیشت کو 2018ء کی سطح پر واپس لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018ء میں شرح نمو 6 فیصد تک چھوڑ کر گئی تھی مگر جب 2018ء میں عمران خان کی شکل میں اس قوم پر ایک نالائق کو مسلط کیا گیا تو جی ڈی پی کی شرح کو بھی کم کیا گیا اور ملکی معیشت کو زبوں حالی کی طرف دھکیل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آتے ہی 10 ماہ تو یہ فیصلہ کرنے کی ہمت نہیں تھی کہ آئی ایم ایف کے پاس جائیں یا نہ جائیں اور اس دوران کئی امپورٹڈ وزیر خزانہ لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کے ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا اور تباہ کیا، عمران خان کے دور میں غربت اور قرضوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، عمران خان نے مسلسل جھوٹ بولنے والے کرائے کے ترجمان رکھے ہوئے تھے، 2018ء میں عمران خان کو قوم پر مسلط کیا گیا، پی ٹی آئی کے دور میں زیادہ تر امپورٹڈ وزرا خزانہ لگائے گئے، عمران خان کے دور میں گردشی قرضوں میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری جیسے لوگوں کا سیاسی کیریئر ان کے ذاتی مفادات کے گرد گھومتا ہے اور مفاد چوہدری کی تاریخ بھی یہی ہے کہ جس کی حکومت ہوتی ہے اس کے ساتھ بیٹھ کر مفادات حاصل کر لیتا ہے، ضلع جہلم کے لوگ بھی اسی نام سے اس کو جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی فواد چوہدری نے پی ٹی وی سپورٹس اور ریڈیو پاکستان کو بھی بہت نقصان پہنچایا، اس نے ریڈیو پاکستان کے درختوں کو بھی نہیں چھوڑا اس سے اور زیادہ کرپشن کیا ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے سات لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا اور صنعتوں کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، جب اسے پتہ چلا کہ میری کرسی نہیں رہی تو عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے ملکی معاشی مشکلات میں اضافہ کیا اور ملک کو دیوالیہ ہونے کیلئے چھوڑ دیا گیا مگر اتحادی حکومت نے بڑی مستعدی کے ساتھ ملکی معیشت کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور اب اس کے دور رس اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگست تک مزید حالات بہتر ہوں گے اور مہنگائی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں آج کل جو حالات ہیں انہوں نے معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے مگر ہماری اتحادی حکومت نے آتے ہی ملکی معیشت کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور معیشت کو 2018ء کی پوزیشن پر پھر واپس لے کر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2018ء میں ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا مگر سابق نااہل وزیراعظم نے ساڑھے تین سال بعد ملک کو دوبارہ لوڈ شیڈنگ کی طرف دھکیل دیا، ہماری توانائی و معاشی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات اٹھا رہی ہے۔