پی ٹی آئی قیادت کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے ، جیل کے خوف کی وجہ سے پارٹی کارکنوں کو تخریب کاری پر اکسایا گیا، عطاء اللہ تارڑ

130
معاون خصوصی عطا تارڑ

پشاور۔29مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کا دن ملکی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب پی ٹی آئی قیادت نے پارٹی کارکنوں کو توڑ پھوڑ ،شہدا کی یادگاریں اور جناح ہاؤس پر حملہ جبکہ شہداء کی بے حرمتی پر اکسایا۔یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے اور انہیں جیل کا خوف ہے جس کی وجہ سے انہوں نے پارٹی کارکنوں کو تخریب کاری پر اکسایا۔

انہوں نے کہا کہ 28 مئی کو یوم شہداء ریلیوں میں محب وطن نوجوانوں اور پاکستانیوں کی بھر پور شرکت نے ثابت کر دیا کہ قوم نے پی ٹی آئی کی قیادت کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ وہ 9 مئی کے ہنگامے کے ذمہ دار تھے۔انہوں نے کہا کہ 28 مئی کو پاکستانی عوام نے ایک مضبوط پیغام دیا کہ وہ کسی ایسے شخص کی حمایت نہیں کریں گے جو جناح ہاؤس پر حملے اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کا ذمہ دار ہو۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے ہمیشہ نوجوانوں کو گمراہ کیا اور انہیں ریاستی اداروں اور افواج پاکستان کے خلاف اکسانے کی کوشش کی، انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم ایل این کی حکومت نے نوجوانوں کو قومی تعمیر کے عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دی وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کو مختلف پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ وہ ملک کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔