پی ٹی آئی نے جمہوریت کی قبرکھود دی ہے، پارلیمینٹ کااحترام کیا جائے،پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے اراکین کاخطاب

170
سپیکر قومی اسمبلی نے جمعرات 6جولائی سہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ کا مشرکہ اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں ارکان پارلیمان نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے جمہوریت کی قبرکھود دی ہے، پارلیمینٹ کااحترام کیا جائے۔

پیرکو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹرعرفان صدیقی نے کہاکہ قوم اورملک کے مفاد میں تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یکسو ہونے کی ضرورت ہے، بھٹوسے لیکرآج تک جمہوریت کاتسلسل قربانیوں کاثمرہے، امیدہے کہ بلاول جیسے نوجوان پاکستان کی پہچان اورآواز بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بعض اداروں کوجمہوریت اس وقت یادآتی ہے جب ہم قربانیوں کے بعد جمہوریت کوبحال کرتے ہیں، یہ ازخودنوٹس کا ہتھوڑا ایک فردکے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں پربرساتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے جمہوریت کی قبرکھود دی ہے، عمران خان نے پرویز مشرف کے ریفرنڈم میں ان کاساتھ دیا تھا،ان کی فطرت نہیں بدلے گی۔جب وزیراعظم تھے توصبح اٹھ کرسب سے پہلے پوچھتے کہ کس ادارے نے کس کوپکڑنا ہے، ان کے 4سالہ دور میں جتنے سیاسی رہنما جیلوں میں گئے ہیں اتنے 70 برسوں میں نہیں گئے۔ انہوں نے کہاکہ حساس عمارتوں پرمنظم انداز میں حملے ہوئے ہیں ، ہمارے ہیروز کے مجسموں کوجلایاگیا، ان کی سوچ اورفکر جمہوری نہیں ہے۔

سینیٹردلاورخان نے کہاکہ پی ڈی ایم کو سپریم کورٹ کے علاوہ ایوان صدرکے سامنے بھی دھرنا دینا چاہئے ۔ ہم نے سناہے کہ پارلیمان سپریم ہے مگراس کے فیصلوں کو نہیں مانا جارہا، یہاں سے بنائے جانیوالے قوانین کوفرد واحد واپس بھیج دیتاہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ پرتشدد واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اگرمعاشرے میں منطق اوردلیل سے بات کرنے کی چلن ہو تووہ معاشرے آگے بڑھتے ہیں بصورت دیگر9 مئی والی صورتحال پیداہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمینٹ کااحترام کیا جائے، 15 ججز پرمشتمل فل بنچ بنانا چاہئے۔