پی ٹی آئی کا چار سالہ دور اقتدار تاریک ترین دور تھا جس دوران سیالکوٹ میں ترقیاتی کام بالکل بھی نہیں کرائے گئے ،سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

164
ترقیاتی

سیالکوٹ۔13اگست (اے پی پی): سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا چار سالہ دور اقتدار تاریک ترین دور تھا جس دوران سیالکوٹ میں ترقیاتی کام بالکل بھی نہیں کرائے گئے بلکہ جو ترقیاتی کام پہلے ہوچکے تھے انہیں بھی تباہ و برباد کیاگیا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی دعائوں سے ایک نیا دور شروع ہونے والا ہے جس میں عوام کی تمام پریشانیوں اور مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب رات گئے پیرس روڈ، جیل روڈ، کچہری روڈ، ڈی سی روڈپر منصو بہ بحالی برائے گیس لو پریشرکے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے حکام سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تگو دو کے بعد یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا ہے جس پر میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمٹڈ والوں کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے اس علاقے میں 6 انچ کا پائپ ڈالا ہے جس سے یہاں سوئی گیس کا پریشر بھی ٹھیک ہو گا اور شہر کا مرکز جہاں تجارتی سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں اور گنجان آبادی بھی ہے جہاں ہماری مائوں، بہنوں، بیٹیوں کو گھروں میں سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ علاقے کی تعمیرو ترقی میں ممدو معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے دوسرے علاقوں میں بھی ترقیاتی کام اسی طرح بڑی تیزی سے ہو رہے ہیں جس کا مقصد شہر اقبال کے باسیوں کو سہولیات کی فراہمی ہے جس کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیئے، مہذب قومیں اپنا یوم آزادی مہذب طریقے سے مناتی ہیں ، 76 ویں یوم آزادی پہ ہمیں یہ تجدید عہد کرنا چاہیئے کہ ہم کسی بھی ملک دشمن عناصر کا ساتھ ہرگز نہیں دیں گے اور 9 مئی کوجو بغاوت ہوئی جس دن ہماری دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، دفاعی ادارے پہ حملہ کیا گیا، ہمارے فوجیوں پہ حملے کیے گئے، ہمارے ائیر بیسز پہ حملے کیے گئے اس قسم کی بغاوت میں کوئی بھی محب وطن پاکستانی شامل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس بغاوت کی کہاں منصوبہ بندی ہوئی،کون لوگ اس کی پشت پناہی کر رہے تھے وہ پاکستان کے دشمن ہی ہو سکتے ہیں دوست تو نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سوشل میڈیا پر دیکھیں پاکستان کا جھنڈاتار کر پی ٹی آئی کا جھنڈا لگایا جا رہا ہے، ایسے لوگوں کا پاکستان کے اندر بھی اور باہر بھی پاکستان کے ساتھ کوئی رشتہ نہیں ہے بلکہ ان کا رشتہ فقط دولت کی حوس اور قتدار سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ آنے والے عام انتخابات ایسے لوگوں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے پاکستان کے سیاسی منظر نامے سے ہٹا دیں گے، اللہ تعالیٰ ہمارے سمیت پوری قوم کا حامی و ناصر ہو۔