سوات۔ 25 جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی یکساں ترقی کے عمل پر پختہ یقین رکھتی ہے اور اس نے سوات سمیت خیبرپختونخوا میں ان منصوبوں پر دوبارہ کام شروع کردیا ہے جن پر پی ٹی آئی نے کام روک دیا تھا۔اپر سوات کے خوازہ خیلہ کے مقام پر پاسپورٹ دفتر کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سوات میں 2017 میں مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے گیس کے منصوبوں پر کام پچھلی حکومت نے روک دیا تھا، اس طرح پی ٹی آئی نے عوام کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این نے سوات میں گیس کے تمام رکے ہوئے منصوبوں پر کام دوبارہ شروع کر دیا ہے
تاکہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دور حکومت میں خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں پاسپورٹ دفاتر قائم کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ لوئر کوہستان، چکدرہ لوئر دیر، شیرینگل اپر دیر، شیر گڑھ مردان اور خوازہ خیلہ سوات میں پانچ نئے پاسپورٹ دفاتر خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے پی ایم ایل این حکومت کا ایک اور تحفہ ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیاسی مخالفین سوات کے عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے کیونکہ یہ عناصر پی ٹی آئی کے 9 سالہ طویل دور حکومت میں ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ خوازہ خیلہ روڈ، چارباغ میں گیس کے منصوبے ، منگلوار اور نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات مسلم لیگ ن کی حکومت نے مکمل کر کے لاکھوں لوگوں کو فائدہ پہنچایا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بشام خوازخیلہ ایکسپریس وے کی فزیبلٹی اسٹڈیز مکمل کر لی گئی ہے، اس کی تکمیل سوات اور شانگلہ سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے لوگوں کی تقدیر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ کی منظوری نواز شریف حکومت نے دی تھی اور موجودہ حکومت نے اس کی فزیبلٹی پر دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔ وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سابقہ فاٹا اور پاٹا سمیت مالاکنڈ ڈویژن کو مزید ایک سال کے لیے ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دینے پر مکمل کریڈٹ اور تعریف کے مستحق ہیں جس کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کی گئی.
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے بغیر سیاسی و معاشی ترقی ممکن نہیں، نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این کی عوام میں مضبوط جڑیں ہیں اور وہ اپنی کارکردگی اور ریکارڈ ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر خیبرپختونخوا میں حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد مہنگائی میں کمی لائے گی اور عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔ امیر مقام نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مفت آٹا پیکج کے تحت خیبرپختونخوا کے عوام کو 20 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سینئر پارلیمنٹیرین شاجی گل آفریدی نے اپنی پارٹی کو ضم کرکے اپنے ارکان پارلیمنٹ اور سپورٹرز سمیت پی ایم ایل این میں شمولیت اختیار کی ہے اور وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این کی قیادت تمام مشکل حالات میں سوات سمیت خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی رہی چاہے وہ سیلاب ہو، دہشت گردی ہو یا زلزلہ، ہر مشکل میں ان کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ اپر سوات کے لوگوں کو اب ان کی دہلیز پر پاسپورٹ ملیں گے اور وہ اس کےلیے مینگورہ کے چکر نہیں لگائیں گے. اس موقع پر عوام نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور انجینئر امیر مقام کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔