پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان قوم کو جواب دیں امریکی حکومتی عہدیداروں سے ملاقات سازش ہے یا مداخلت؟ ، رانا ثناء اللہ خان

207
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان قوم کو جواب دیں امریکی حکومتی عہدیداروں سے ملاقات سازش ہے یا مداخلت؟ ، رانا ثناء اللہ خان

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان قوم کو جواب دیں کہ امریکی حکومتی عہدیداروں سے ملاقات سازش ہے یا مداخلت؟ ۔

بدھ کو امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے عمران خان کی ملاقات کے حوالے سے وزیر داخلہ نے سوال اٹھایا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ ملاقات میں کون سی امریکی سازش پر بات ہوئی؟ ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے امریکیوں کی ملاقات کو سازش کہنے والا اپوزیشن میں جاکر امریکیوں سے کیوں مل رہا ہے؟ کون سی سازش تیار ہو رہی ہے؟ ۔انہوں نے عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے قوم کو نہ بتایا تو میں تحقیقات کراؤں گا، قوم کو سچائی کا پتہ چلنا چاہئے، یہ نہ ہو کہ عمران نیازی اپنی روایت کے مطابق چند دنوں بعد ایک اور خط سامنے لے آئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم کو امریکہ کے خلاف بھڑکانے والا آج امریکیوں سے ہنس ہنس کر باتیں کر رہا تھا ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جلسوں میں "ابسلوٹی ناٹ” کے نعروں سے قوم کو بھڑکانے والے نے امریکیوں سے ملاقات کے لئے "ابسلوٹی ییس” کیوں کہا؟ ۔