پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو لانگ مارچ سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، خرم دستگیر خان

161

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو لانگ مارچ سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، عمران خان سیلاب متاثرین پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی قیادت کو پر امن طریقے سے لوگوں کو اکٹھا کرنے ، اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کی اجازت دی ہے اور ان کا حکومت کو غیر مستحکم کرنے کا منصو بہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے پارٹی نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع سے لانگ مارچ کیلئے کم از کم6 ہزار افراد اپنے ساتھ لائیں تاکہ اسلام آباد میں افراتفری پھیلائی جاسکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،اگلے سال اکتوبر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے آڈیو لیکس کے بعد عمران خان کی منافقت اور ہارس ٹریڈنگ عیاں ہوچکی ہے۔