پی ٹی آئی کے کنونشن میں دارالحکومت اسلام آباد کو بند کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی تھی،دانیال عزیز

127

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کنونشن میں دارالحکومت اسلام آباد کو بند کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی تھی جو غیر قانونی ہے اور اگر کوئی بھی جتھا یا گروہ غیر قانونی کام کرے گا تو قانون تو حرکت میں آئے گا، جمعرات کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عمارت کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے تھے کیونکہ یہاں ریاست کے خلاف منصوبہ بندی کا خطرہ تھا لیکن پی ٹی آئی نے یہاں لوگوں کو اکٹھا کیا جس پر قانون حرکت میں آیا کیونکہ صرف پی ٹی آئی کے ہی نہیں سب لوگوں کے آئینی و جمہوری حقوق ہیں جنہیں سلب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، انہوں نے کہا کہ ہمیں بخوبی علم تھا کہ پی ٹی آئی کے یوتھ کنونشن میں پی ٹی آئی قیادت 02 نومبر کے حوالے سے اپنے ورکرز کی ذمہ داریاں سونپنے اور اسلام آباد بند کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی تھی اس لیے قانون حرکت میں آیا