پی ٹی آئی الیکشن کمیشن پر اعتراضات کی بجائے ، فارن فنڈنگ کی چوری کے کیس کا سامنا کرے ،وز یر داخلہ رانا ثنا اللہ

69

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )الیکشن کمیشن پر اعتراضات کی بجائے ، فارن فنڈنگ کی چوری کے کیس کا سامنا کرے ،عوام کو اب سکون ہے کہ روز کی گھبراہٹ اور بے سکونی سے نجات ملی ،عوام پر گھبراہٹ طاری کرنے والوں کی گھبراہٹ وزیراعظم شہبازشریف سپیڈ کی وجہ سے مزید بڑھتی جائے گی۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے الجھنے اور اعتراضات کی بجائے فارن فنڈنگ کی چوری کے کیس کا سامنا کرے۔ آئین، پارلیمنٹ، عدلیہ کے بعد الیکشن کمیشن سے غنڈہ گردی نہ کریں بلکہ آئین، قانون اور اداروں کا احترام کریں ،غنڈہ گردی کی تو قانون آپ کے سامنے کھڑا ہوگا ،جمہوری حکومت آنے سے ملک میں سکون اور چندآئین شکن بے سکون ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عوام کو اب سکون ہے کہ روز کی گھبراہٹ اور بے سکونی سے نجات ملی ،کُرسی کے نشے میں مبتلا ٹولہ حالت گھبراہٹ میں ہے، مفت کی روٹی بند ہونے کے بعد ایسی حالت ہو ہی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انتشار چند ذہنوں تک محدود ہوگیا ہے، ملک اب استحکام، ترقی اور خوش حالی کی سمت چل پڑا ہے ،مہنگائی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، معیشت کی روانی پر جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم سے جنگ کرنے والوں کو عوام نمٹ لیں گے،ہم نے ان مسائل سے جنگ کرنی ہے جنہوں نے چار سال سے عوام کومصیبت میں ڈالا ہوا ہے ،ہم نے قوم کو مہنگائی ، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ سے سکون دینا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہبازشریف سپیڈ سے مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ کو ختم کرکے دَم لیں گے ،گھبراہٹ صرف عوام کو چار سال گھبراہٹ میں ڈالنے والوں پر طاری ہے،عوام پر گھبراہٹ طاری کرنے والوں کی گھبراہٹ شہبازشریف سپیڈ کی وجہ سے مزید بڑھتی جائے گی۔