پی ٹی سی ایل گروپ کا سال 2022 کی پہلی ششماہی کے دوران آمدن میں 5.7فیصد اضافہ کا اعلان

243
PTCL
PTCL

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):ملک کی معروف ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی،پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)نے71ارب 70 کروڑ روپے کمانے کا اعلان کرتےہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال اس دورانیہ کے مقابلے منافع5۔7فیصد زیادہ رہاہے۔ سال 2022کے پہلے چھ ماہ کے دوران کمپنی گروپ نے کامیابی سے ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا۔پی ٹی سی ایل کےچیف ایگزیکٹو افسر حاتم بامطرف اور چیف فنانشل افسر ندیم خان نے پیر کو پی ٹی سی ایل ہیڈکوارٹرز میں مالیاتی اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 30 جون 2022 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا۔ سال 2022 کے پہلے چھ ماہ کے دوران، پی ٹی سی ایل گروپ کامیابی کے ساتھ اپنی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہا، جس کی بدولت پاکستان میں ایک مربوط ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کی حیثیت سے مارکیٹ میں اس کا مقام مزید مستحکم ہوا۔

کمپنی کے ریونیو میں اضافہ بنیادی طور پر صارفین کے شعبے میں مضبوط کارکردگی سے ہواجس میں اہم کردار فکسڈ براڈ بینڈ، موبائل ڈیٹا اور بزنس سلوشنزکے ساتھ ساتھ مائیکرو فنانس خدمات نے ادا کیا جنہوں نے گروپ کو ایڈوانس انکم ٹیکس (AIT) اور موبائل ٹرمینیشن ریٹ (MTR) میں کمی کے باوجود گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں آمدنی میں 5.7 فیصد اضافہ حاصل کرنے میں مدد فراہم کی۔پی ٹی سی ایل گروپ کی 2022 میں 71.7 ارب روپے کی آمدنی گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5.7فیصد زیادہ ہے۔

بجلی اور ایندھن کے نرخوں میں نمایاں اضافے، امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، سود کی بلند شرح اور 4G سپیکٹرم کے حصول اور متعلقہ نیٹ ورک رول آؤٹ سے منسلک پیشگی اخراجات جیسے دیگر عوامل کی وجہ سے گروپ کا منافع دباؤ میں رہا۔ گروپ کو 3.1 ارب روپے کا خالص نقصان ہوا ہے۔ پی ٹی سی ایل نے سالانہ آمدنی میں 4.7فیصد اضافہ کرکے اپنی ترقی کی رفتار کو جاری رکھا۔ پی ٹی ایم ایل (یوفون) کی آمدنی میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.5فیصد اضافہ ہوا۔ یو بینک نے گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اپنی آمدنی میں 25فیصد اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کی اس مدت کے دوران حاصل کی گئی 40ارب روپے کی آمدن 2021 کے مقابلے میں 4.7فیصد زیادہ ہے، جو بنیادی طور پر براڈ بینڈ اور بزنس سلوشنز کے شعبوں میں ترقی کی وجہ سے ہے۔کمپنی نے 1.9ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا۔ اس مدت کے لیے آپریٹنگ منافع گزشتہ سال کے مقابلے دباؤ میں رہا جس کی بنیادی وجہ بجلی اور ایندھن کے نرخوں میں نمایاں اضافے کی وجہ سے آپریٹنگ لاگت میں اضافہ ہے۔

اس مدت کے لیے 5.2ارب روپے کا خالص منافع گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 38.8فیصد زیادہ ہےانہوں نے کہا کہ اس ششماہی کے دوران کمپنی کے فکسڈ براڈ بینڈ کاروبار میں 10.7فیصد سالانہ اضافہ ہوا، جب کہ آئی پی ٹی وی شعبہ نے بھی 8.6فیصد سالانہ اضافہ حاصل کیا۔ براڈ بینڈ کاروبار کے اندرکمپنی کی پریمیم ایف ٹی ٹی ایچ سروس، فلیش فائبر نے 91.7فیصد کی نمایاں ترقی حاصل کی۔

وائس ٹریفک میں کمی اور او ٹی ٹی خدمات میں صارفین کی مسلسل بڑھتی دلچسپی کی وجہ سے وائس کی آمدن کے سلسلے میں کمی دیکھی گئی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل نے کمپنی کے مربوط فکسڈ براڈ بینڈ کی بدولت مسلسل اعلیٰ کارکردگی دکھائی اور صارفین کو ٹیلی کام کا بہترین تجربہ فراہم کیا ہے جس میں فلیش فائبر برانڈ کے ذریعے پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس کی فراہمی بھی شامل ہے۔

پی ٹی سی ایل نے 28 شہروں میں اپنی ایف ٹی ٹی ایچ سروسز کو وسعت دی ہے، اور صارفین کی تعداد سالانہ بنیادوں پر دگنی ہو گئی ہے کیونکہ کمپنی بڑھتی ہوئی انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز کی مانگ کو پورا کرتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بزنس سلوشنز کے شعبے نے 5.1فیصد کی مجموعی سالانہ آمدنی میں اضافے کی رفتار کو جاری رکھتے ہوئے، آئی پی بینڈوتھ، کلاؤڈ، ڈیٹا سینٹر، اور دیگر آئی سی ٹی خدمات میں اپنی مارکیٹ کی قیادت کو برقرار رکھا۔

پی ٹی سی ایل کے کارپوریٹ کاروبار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15فیصد اضافہ ہوا۔ ہول سیل بزنس سیگمنٹ کے اندر، کیریئر کی آمدنی میں 9.6فیصد اضافہ ہوا لیکن کچھ بین الاقوامی آئی پی لیزڈ سرکٹس کی بندش کے نتیجے میں ہول سیل سیگمنٹ کی مجموعی آمدنی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بین الاقوامی آمدن میں کرنسی کی قدر میں کمی کے سازگار اثرات کی بدولت گزشتہ سال کے مقابلے میں 14فیصد اضافہ ہوا ہے۔پی ٹی سی ایل اپنے مستحکم ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر اور صارفین کو بہترین کسٹمر تجربے کی فراہمی کے ساتھ خدمات کے متنوع پورٹ فولیو کے ذریعے اپنے شراکت داروں کو جدید، قابل بھروسا اور تیز رفتار ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپیکٹرم کے حصول کے بعد، یوفون نے ایڈوانس انکم ٹیکس (اے آئی ٹی ) میں اضافے اور موبائل ٹرمینیشن ریٹس (ایم ٹی آر) میں کمی کے چیلنجزکے باوجود 4G سبسکرائبر بیس اور ڈیٹا سروسز میں اضافہ کیا جس کی وجہ سے ٹاپ لائن میں 3.5فیصد سالانہ اضافہ ہوا ہے۔ یوفون نے پورے ملک میں اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری رکھا اور اسپیکٹرم کے حصول کے بعد سے اپنے نیٹ ورک کو 4G کے شعبے میں جدت دی۔ کمپنی ملک میں سب سے تیزی سے بڑھتے ہوئے 4Gصارفین بیس کی حامل ہے۔

بیرونی عوامل جیسے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، شرح سود میں اضافہ اور بجلی / ایندھن کے نرخوں میں اضافے نے کمپنی کی باٹم لائن ترقی پر منفی اثر ڈالا ہے۔وی آئی ایس کریڈٹ ریٹنگ کمپنی نے’مستحکم‘ آؤٹ لک کے ساتھ یوفون کو ‘ڈبل اے مائنس / اے ون‘ کی ابتدائی درجہ بندی تفویض کی ہے۔یہ ایک آزاد درجہ بندی کے ذریعے یوفون کی مالی استحکام کو تسلیم کرتا ہے جو کہ اعلی کریڈٹ کوالٹی اور اچھے بنیادی تحفظ کے عوامل کو بھی ظاہر کرتا ہے اور یوفون پر اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔یوفون اپنے صارفین کو انڈسٹری میں سب سے بہترین تجربہ فراہم کرنے والی کمپنی ہے،

جس کے تیز رفتار انٹر نیٹ اور انڈسٹری کی پہلی اختراعی پروڈکٹس جیسے کہ ‘UPower’ کو صارفین کی جانب سے نہایت مثبت ردعمل ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کے مائیکرو فنانس اور برانچ لیس بینکاری کے ذیلی ادارے، یو بینک نے اپنی ترقی کی رفتار کو جاری رکھا اور اپنے ایڈوانس پورٹ فولیو کو وسعت دے کر اپنی آمدن میں 25فیصد سالانہ نمو حاصل کی ہے۔ بینک کی بیلنس شیٹ کی سطح 114ارب روپے تک پہنچ گئی کیونکہ بینک نے اپنے اثاثہ جات کی کلاسز اور فنڈنگ کے سلسلے کو متنوع بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور مثبت اثر کو یقینی بنایا۔

مائیکرو فنانس کے بنیادی مشن کے ساتھ، بینک کا کاروباری ماڈل نئے شعبوں اور صارفین کلاسز کے حصول کے لیے تیار ہو رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی لوگوں کو بینکاری نیٹ میں شامل کیا جا سکے اور ادارے کی مالی اور سماجی شمولیت کے عزائم کو آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایک قومی کمپنی ہونے کے ناطے، پی ٹی سی ایل گروپ مختلف سماجی ذمہ داری کے اقدامات کے ذریعے معاشرے کو تعاون فراہم کرنے میں سب سے آگے ہے جس میں جی ایس ایم اے کے ساتھ مل کر سال 2025 تک خواتین صارفین کی تعداد کو نمایاں طور پر وسعت دینا اور کے پی کے ویمن سوک انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء کو فلیگ شپ وائی فائی انٹرنیٹ ڈیوائس ’بلیز‘ کی فراہمی شامل ہے تاکہ ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی کے حصول میں مدد کی جا سکے۔

پی ٹی سی ایل اور یوفون 4Gنے پاکستان میں یونیسیف کی پولیو کے خاتمے کی مہم کے لیے اپنا تعاون بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان کے نیشنل ایمرجنسی سینٹر کے ساتھ تعاون کیا۔ پی ٹی سی ایل گروپ نے کراچی کے مقامی ماہی گیروں کو لائف جیکٹس فراہم کیں تاکہ سمندری طوفانوں کے موسم میں چھوٹے پیمانے کے ماہی گیروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں سی ای او حاتم بامطرف نے کہا کہ کمپنی کو اگر مزید سپیکٹرم درکار ہوا تو وہ حکومت کے قواعد و ضوابط کے پیش نظر اس کی نیلامی میں حصہ لے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل صارفین کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، صارفین کی سہولت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور اس کے ثمرات اپنے صارفین تک پہنچانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہے گی۔

دریں اثنا ندیم خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کے باعث کمپنی کی خالصتاً آمدن پر اثرات ظاہر ہوئے تاہم کمپنی کا منافع گذشتہ اس دوران کے مقابلہ میں 5.7 فیصد زیادہ ہونے کی وجہ سے نتائج تسلی بخش ہیں۔