پی ٹی ڈی سی کا بلتورو اور کے ٹو بیس کیمپ ٹریک پر بڑھتی ہوئی آلودگی کے مسئلے پر غورکے لیے مشاورتی اجلاس

278

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) نے منگل کو یہاں مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور ٹور آپریٹرز کے ساتھ بلتورو اور کے ٹو بیس کیمپ ٹریک پر بڑھتی ہوئی آلودگی کے مسئلے پر غورکے لیے ایک مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں پی ٹی ڈی سی، الپائن کلب آف پاکستان، ہمالین وائلڈ لائف فاؤنڈیشن، ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشنز، ایڈونچر کلب، قراقرم کلب، جی بی ٹورازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب رانا نے کہا کہ پاکستان میں اس سال کے ٹو سر کرنے کا بہترین سیزن رہا لیکن دوسری طرف ٹریکنگ روٹ پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بھی ہمارے سامنے ایک بڑا مسئلہ ہے، یہ خوش آئند بات ہے کہ کوہ پیمائی کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے اور کوہ پیمائی کے اس سیزن میں دنیا بھر سے کوہ پیماؤں نے شرکت کی تاہم ماحولیاتی مسائل پر منفی خبریں بھی سامنے آئیں جن میں ٹریکنگ روٹ پر آلودگی اور ویسٹ مینجمنٹ کے مسائل کو اجاگر کیا گیا، یہ ہم سب کے لیے چیلنجنگ صورتحال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سال 3800 سے زائد ٹریکرز اور کوہ پیماؤں کو رجسٹر کیا گیا جو اس ٹریکنگ روٹ پر گئے ، یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے ، اس کے علاوہ مہمات اور ٹریکنگ گروپس کے معاون عملے کی تعداد بھی زیادہ رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلتورو پاکستان کا سب سے اہم جنگل ہے اور ہمیں اسے اس کی اصل شکل میں برقرار رکھنا ہے۔

ڈاکٹر انیس الرحمان نے بلتورو ٹریک کے علاقے میں سالڈ ویسٹ کے مسئلے پر تفصیلی پریزنٹیشن دی اور اس مسئلے کے حل کے لیے مختلف آپشنز پر روشنی ڈالی جبکہ اسٹیک ہولڈرز نے اس خطہ میں ایڈونچر کے مجموعی انتظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں اور علاقے کے قدرتی مناظر کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی۔ شرکاء نے کہا کہ ذمہ داریاں دوسروں پر منتقل کرنے کی بجائے ہر اسٹیک ہولڈر کی واضح ذمہ داری کے ساتھ ایک قابل عمل طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

شرکاء نے تجویز پیش کی کہ جلد از جلد صفائی آپریشن شروع کیا جائے، تمام گائیڈز، ہائی ایلٹی ٹیوڈ پورٹرز، کیمپ سٹاف کو حفظان صحت کے معیارات کی تربیت دی جائے اور کیمپنگ سائٹس کی صفائی ستھرائی کو برقرار رکھا جائے، مناسب نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔سی کے این پی کے عملے کے علاوہ رابطہ افسران اور ماؤنٹین گائیڈز کو بھی تربیت دی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنا کردار مؤثر طریقے سے انجام دے سکیں۔

یہ بھی تجویز کیا گیا کہ تربیت یافتہ اور تصدیق شدہ پورٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں ،ٹریک پر جانے والے تمام گروپوں کو فضلہ اکٹھا کرنے کے تھیلے فراہم کر کے ٹریک پر کوڑے کو ٹھکانے لگانے کا سخت کنٹرول نافذ کیا جا سکتا ہے ، ان تھیلوں کو ٹریک سے واپسی پر جمع کیا جانا چاہیے۔ شرکاء نے مشترکہ ایکشن پلان تیار کرنے کے لیے اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔