پی ٹی ڈی سی کی پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں ذمہ دار سیاحت کے فروغ کے لیے مہم کا آغاز

142
Pakistan Tourism Development Corporation
Pakistan Tourism Development Corporation

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)نے سسٹین ایبل ٹورازم فاؤنڈیشن پاکستان ( ایس ٹی ایف پی) کے تعاون سے ایک جامع عوامی آگاہی مہم شروع کی ہے جس کا مقصد پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینا ہے۔پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ اس مہم کا مقصد سیاحوں میں پاکستان کے دلکش پہاڑی علاقوں کا دورہ کرتے وقت ماحول دوست طریقوں کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے سیاحوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے نقصان دہ اثرات کے حوالہ سے کہا کہ کوڑا کرکٹ نہ صرف قدرتی ماحول کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ مقامی ثقافتی ورثے اور روایات کو بھی خطرے میں ڈالتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں سیاحت نے مقامی آبادیوں کو اقتصادی فوائد پہنچائے ہیں وہیں اس سے ماحولیاتی آلودگی، وسائل کی کمی سمیت دیگر مسائل بھی پیدا ہوئےہیں۔ ہماری مہم کا عنوان ’’چلو اپنی گرمیوں کی تعطیلات کوسر سبز بنائیں‘‘ کا مقصد سیاحوں کو ذمہ دار سیاحت کے اصولوں سے آگاہ کرنا ہے۔ ہمارے رہنما خطوط اور ضابطہ اخلاق پر عمل پیرا ہو کر سیاح مسائل کو کم سے کم کر سکتے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ سماجی و اقتصادی فوائد مقامی باشندوں تک پہنچیں۔ پی ٹی ڈی سی اور ایس ٹی ایف پی کے مشترکہ اقدام کے تحت پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سمیت مختلف میڈیا چینلز کے ذریعے رہنما خطوط کی تشہیر بھی منصوبہ کا حصہ ہے۔ یہ رہنما خطوط سیاحوں کے لیے نازک قدرتی ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنے اور مقامی ثقافتوں کا احترام کرنے کے لیے عملی اقدامات کا خاکہ پیش کرتے ہیں۔

آفتاب الرحمان رانا نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ صوبائی حکومتیں سیاحتی مقامات پر کچرے کے انتظام کے مضبوط نظام کو نافذ کریں اور سیاحتی سرگرمیوں کی وجہ سے ہونے والے ماحولیاتی انحطاط کو روکنے کے لیے جرمانے سمیت کوڑا کرکٹ کے خلاف سخت اقدامات کو بھی یقینی بنائیں۔