پی پی پی اورمسلم لیگ (ن) کے 10سال کے مقابلہ میں ایک سال کے دوران اشیا و خدمات کی قومی برآمدات میں نمایاں اضافہ کی جانب گامزن ہیں، اسد عمر کا ٹویٹ

77

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ پی پی پی اورمسلم لیگ (ن)کی ماضی کی حکومتوں کے 10سال کے مقابلہ میں ہم محض ایک سال میں اشیا و خدمات کی قومی برآمدات میں نمایاں اضافہ کی راہ پر گامزن ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہی۔ اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں سال کی پہلی ششماہی کے دستیاب اعدادو شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کی 2008 سے 2018 کی حکومتوں کے 10 برسوں کے مقابلہ میں ہم ایک سال میں اشیا و خدمات کی برآمدات میں بہت زیادہ اضافہ کی طرف گامزن ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 10 سال سے زائد عرصہ کی نسبت ایک سال میں زیادہ برآمدی نمو دیکھنے میں آ رہی ہے۔ دستیاب تجارتی اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2008 میں برآمدی اشیاو خدمات کی برآمدات 24 ارب ڈالر جبکہ مالی سال 2018 میں 30.6 ارب ڈالر تھیں، 10 برسوں میں 6.6 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، مالی سال 2021 میں 31.5 ارب ڈالر جبکہ 2022 کے اختتام تک برآمدات کا حجم 40 ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے اور پہلے 6 ماہ میں 4 ارب ڈالر یا 27 فیصد نمو کے ساتھ پورے سال میں متوقع اضافہ کا تخمینہ 8.5 ارب ڈالر لگایا گیا ہے ۔

اس طرح پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے سال میں پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کے 10سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران زیادہ برآمدی اضافہ متوقع ہے۔