پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 5 سے 11 جولائی تک موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا

18
PDMA

پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 5 سے 11 جولائی تک موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران صوبہ کے بالائی اضلاع ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال (اپر و لوئر)، دیر (اپر و لوئر)، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان (اپر و لوئر)، کولائی پالس کوہستان، تورغر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ میں موسالادھار بارشوں اور صوبہ کے دیگر اضلاع باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ اور ہنگو میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

صوبہ کے میدانی علاقوں بنوں، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔تیز/شدید بارشوں کے باعث پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ صوبہ کے بالائی علاقوں میں دریائے چترال، دریائے سوات، دریائے پنجکوڑہ اور دریائے کابل میں طغیانی متوقع ہے۔بارشوں کے باعث ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، دیر، چترال، شانگلہ، کوہستان، ملاکنڈ اور مانسہرہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کو ہنگامی اقدامات کرنے کے لئے مراسلہ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر الرٹ کیا جائے،اس دوران ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو اہلکار الرٹ رہیں،ہنگامی سامان اور دستیاب وسائل پہلے سے موجود رکھے جائیں،سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔