پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہل ٹورنٹس میں درمیانے سے ا ونچے درجے کے سیلابی ریلوں کی وارننگ جاری کر دی

145
PDMA Punjab
PDMA Punjab

لاہور۔2اگست (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہل ٹورنٹس میں درمیانے سے ا ونچے درجے کے سیلابی ریلوں کی وارننگ جاری کر دی۔ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث اونچے درجے کی سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔

اگلے 72 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ غازی خان ریجن کے ندی نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے کمشنر ڈیرہ غازی خان متعلقہ ڈی سیز اور انتظامیہ کو الرٹ جاری کیا گیا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، لائیو سٹاک اور دیگر انتظامیہ کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلابی ریلوں کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ممکنہ سیلابی ریلوں کے پیش نظر ریسکیو و ریلیف آپریشنز کو بروقت یقینی بنایا جائے۔ رود کوہیوں کے راستوں میں قائم آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو وزیر اعلیٰ کا پیغام پہنچائیں ۔

سیلاب کی صورتحال میں آپ نے اپنی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا۔ حکومت پنجاب آپ اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی۔ خطرے کی صورت میں آپ نے گھروں سے نکلنا ہے اور انتظامیہ سے تعاون کرنا ہے۔ پرنٹ، الیکٹرانک، سوشل میڈیا، مساجد میں اعلانات اور مقامی ذرائع ابلاغ کے ذریعے شہریوں کو آگاہ کیا جائےگا۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔