اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) عوامی اجتماعات کے ذریعے آئینی حکومت کو ختم نہیں کرسکتی ہے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو عوام کا بھاری مینڈیٹ حاصل ہے اور عام انتخابات 2018ء میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی ڈی ایم کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں ہے، اپوزیشن جماعتوں کو گوجرانوالہ، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے جلسوں سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم عام عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے، پی ڈی ایم عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے سیاسی اجتماعات سے گریز کرے کیونکہ کسی بھی قسم کے اجتماعات سے کورونا وائرس کے پھیلائو میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ملتان کے جلسہ کے دوران اپنے کارکنوں اور حامیوں کو پُرتشدد کارروائیوں کے لئے اکسایا اور حکومت نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے گلگت بلتستان انتخابات میں قومی اداروں کے خلاف پی ڈی ایم رہنمائوں کے بیانیہ کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک میں 30 سال حکومت کی اور قومی خزانے کو بے رحمی سے لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) بدعنوان عناصر کے خلاف آزادانہ طور پر تحقیقات کر رہا ہے۔