اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ احتجاج اور دھرنا پرامن ہو گا ، ایک گملا بھی نہیں ٹوٹے گا ، سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس کے حوالے سے پی ڈی ایم کی قیادت کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات ترتیب دیئے گئے ہیں ۔
اتوار کو رات گئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر قائدین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ پی ڈی ایم قیادت کا کہنا ہے کہ دھرنے کی جگہ کا تعین باہمی مشاورت کے ساتھ کیا گیا ہے ،دھرنے کی جگہ میں تبدیلی بھی مشاورت سے ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی خطرات کے حوالے سے جو خدشات اور رپورٹس ہیں ان سے پی ڈی ایم کی قیادت کو آگاہ کر دیا ہے تاہم اسی اعتبار سے حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ گزشتہ دنوں پرتشدد مظاہرے ہوئے اور قومی خزانے کے مجرم کی ایما پر قومی اداروں کو نقصان پہنچایا گیا لیکن امید ہے کل کا احتجاج مکمل پرامن ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ پی ٹی آئی قیادت کی ایما پر مسلح جتھوں نے بڑے نقصانات کئے ہیں اب کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔