اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنی موت خود مرگئی ہے، پی ڈی ایم میں گروپ بندیوں کے اثرات پارٹیوں پر بھی پڑیں گے، عید کے بعد مسلم لیگ (ن) کے اندر مسائل کھڑے ہوں گے، ابھی تو کھیل شروع ہوا ہے اور بہت کچھ ہونا ہے،ان کے پاس اب کچھ نہیں رہا، ٹائیں ٹائیں فش ہو گئے۔
منگل کو عوامی نیشنل پارٹی کے پی ڈی ایم اتحاد سے علیحدہ ہونے کے اعلان پراپنےرد عمل میں وفاقی وزیر نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ پی ڈی ایم میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی بھی الگ الگ گروپ بنائیں گے، اب دیکھنا ہے کون کس کے ساتھ جاتا ہے، ایک ایک اور دو دو ووٹوں والی پارٹیاں اب ان کے ساتھ رہ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کا کچھ نہیں بھگاڑ سکتی، پیپلزپارٹی تو کیا اب مسلم لیگ (ن) نے بھی استعفے نہیں دینے، عید کے بعد اگر انہوں نے کوئی ریلی نکالنی ہے تو بڑے شوق سے نکالیں۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ ذاتی مفادات کی سیاست کر رہے ہیں ، وزیراعظم نے اپوزیشن کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی ہے اور ان سے بات چیت کیلئے 10 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے۔