پی ڈی ایم کے بعد مسلم لیگ (ن ) میں بھی لڑائی ہو گئی ، اداروں کو متنازعہ بنانے والے اب مفاہمت کی بات کر رہے ہیں ،پارلیمانی سیکریٹری قانون و انصاف ملیکہ بخاری

85

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):پارلیمانی سیکریٹری قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے بعد مسلم لیگ( ن) میں بھی لڑائی ہو گئی ، شاہد خاقان نے شہباز شریف کے خلاف بیان دیا اور مکر گئے ، اداروں کو متنازعہ بنانے والے اب مفاہمت کی بات کر رہے ہیں۔ ا ن خیالات اظہار انہوں نے مریم نواز کی میڈیا سے گفتگو پراپنے رد عمل میں کیا۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پی ڈی ایم کے بعد مسلم لیگ( ن) میں بھی لڑائی ہو گئی ۔ شاہد خاقان نے شہباز شریف کے خلاف بیان دیا اور مکر گئے ۔2018 کے عام انتخابات اور گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات میں عوام کے ہاتھوں مسترد ہونے والے کشمیر میں بھی شکست کھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھی عمران خان کا نام ہی گونجے گا ۔مودی کو اپنے گھر بلانے، گلابی رنگ کی پگڑیاں پہنانے والے کس منہ سے کشمیریوں کا سامنا کریں گے۔

نوازشریف نے ایک بار کلبھوشن کا نام نہیں لیا، وہ لوگ آج ہمیں مودی کے خلاف طعنے دے رہے ہیں۔ ملیکہ بخاری نے کہا کہ جو چار سال تک اپنا وزیر خارجہ تعینات نہ کر سکے وہ خارجہ پالیسی کی بات کس منہ سے کرتے ہیں۔ نواز شریف کی خارجہ پالیسی یہ تھی کہ وزارت خارجہ کو کچھ پتہ نہ تھا کہ کون سی پالیسی چلا رہے ہیں۔ نواز شریف کی خارجہ پالیسی یہ تھی کہ ان کے بھارتی کاروباری دوست خاموشی سے آتے اور ڈیل کر کے چلے جاتے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) میں مریم نواز اور شہباز شریف دونوں وزیراعظم بننا چاہتے ہیں ، لیکن عوام نے پوری جماعت کو مسترد کر دیا ہے ۔ اداروں کو متنازعہ بنانے والے اب مفاہمت کی بات کر رہے ہیں۔ مریم نواز کا مزاحمت کا بیانیہ اب مفاہمت میں بدل چکا ہے ، عوام بھی ان کو پہچان گئے ، سارا مقصد اقتدار کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن ) میں اب شہباز شریف اور مریم نواز گروپ ہے ، چچا بھتیجی دونوں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے لڑ رہے ہیں ۔