پیسکو کی ٹیموں نے 900 غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیئے، بجلی چوری کرنے والوں پر 27 ملین جرمانے عائد

165

پشاور۔ 15 ستمبر (اے پی پی):پشاور الیکٹرک سٹی سپلائی کمپنی (پیسکو) نے صوبے بھر میں بجلی چوری کے خلاف جاری آپریشن کے دوران 900 سے زائد ڈائریکٹ کنڈے منقطع کر کے چوری کرنے والوں پر 27 ملین جرمانے عائد کئے ۔ پیسکو کے ترجمان نے جمعہ کوبتایا کہ بجلی چوری میں ملوث 700 سے زائد افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد بجلی چوروں کو موقع پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ 130 چوروں کے خلاف مقدمے درج کیے گئے ۔پیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) قاضی محمد طاہر نے پیسکو کے افسران کو آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، تاکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 118 پر کال کرکے پیسکو کو بجلی چوری کی اطلاع دیں۔