لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دوٹوک طور پر کہا ہے کہ پینڈورا پیپرز کے حوالے سے تحقیقات کریں گے اورجو بھی مجرم قرار پایا ان کے خلاف یکشن ہوگا، مریم نواز فوج کے خلاف سنگین بیان دے رہی ہیں، ان کے اداروں کیخلاف بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، شہباز شریف کوئی مفاہمت کی بات کرتے ہیں تو مریم نوازاس پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں،
(ن) لیگ جہاں کھڑی ہے اس کی ذمہ دار بھی مریم نواز ہیں، کل ان کی سیاست ختم ہوئی تو مریم نواز ذمہ دار ہوں گی، دوسال بعد جب الیکشن ہوں گے تو(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں نئی الائنمنٹ دیکھ رہا ہوں، وزیر اعظم عمران خان کا ساتھی ہوں ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا، افغانستان میں امن ہونا بہت ضروری ہے، افغانستان کا استحکام پاکستان کا استحکام ہے، پاکستان کسی بھی دبا میں آئے بغیر افغانستان کی امداد جاری رکھے گا۔
وہ جمعرات کے روز نادرا میگا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات ہوئی ہے جس میں وقار النساء یونیورسٹی اور نالہ لئی کے افتتاح کے بارے میں بات ہوئی اور عنقریب افتتاح ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان زلزلہ کے حوالے سے آئی جی ایف سی نارتھ کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ ہماری فورسز کے جوان وہاں کام کر رہے ہیں ۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پینڈورا پیپرز کے ذریعے زمان پارک2 کو ملوث کرنے کی ناکام کوشش کی گئی اور انہیں منہ کی کھانا پڑی، وزیر اعظم عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ انکوائری ہو گی اور جو مجرم قرار پایا اس کے خلاف ایکشن ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کا استحکام پاکستان کا استحکام ہے اور اگر وہاں عدم استحکام ہوا تو خطے میں بڑے مسائل کو جنم دے سکتا ہے، اس وقت وہاں حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور دنیا ہمسایہ ہونے کے ناطے ہمیں بھی دیکھ رہی ہے ،اللہ کے نبی ۖکے فرمان کے مطابق پڑوسی کا پڑوسی پر بہت حق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے دبائو میں آئے بغیر افغانستان کی امداد جاری رکھی جائے گی، خواہش ہے کہ افغانستان کی زمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو اور نہ ہی ہماری زمین ان کے خلاف استعمال ہو ۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ این سی او سی نے زبر دست کام کیا جس کی پوری دنیا معترف ہے لیکن ملک دشمن عناصر ویکسی نیشن کے عمل کو بدنام کرنے کی کوشش کر کے دشمن کے ہاتھوں کو مضبوط کر رہے ہیں، پاکستان نے کورونا پر بغیر پابندیوں کے بہتر انداز سے کنٹرول کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز شریف فوج کیخلاف سنگین بیان دی رہی ہیں جبکہ پاک فوج کے ہزار وں جوانوں نے جانوں کی قربانی دی اور لاکھ سے زائد زخمی ہوئے اور کسی بھی مشکل وقت کے موقع پر عام آدمی کی امداد کیلئے تیار ہوتے ہیں،(ن) لیگ غیر ذمہ دارانہ زبان استعمال کر کے مسائل پیدا کر رہی ہے،( ن) لیگ آج مریم نواز کی وجہ سے یہاں پر کھڑی ہے اور کل جب سیاست سے فارغ ہوں گے تو اس کی وجہ بھی یہی ہوں گی،نواز شریف کا ٹائم گزر چکا ہے ، شہباز شریف جو مفاہمت کی بات کرتے ہیں مریم اس پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ فوج میں تقرروتبادلے معمول کا کام ہے انہیں نشانہ بنانا غیر ذمہ داری کی انتہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ، زلزلہ، آفات اور سیلاب ہر جگہ فوج مدد کیلئے پہنچتی ہے جبکہ برطانیہ اور امریکہ میں امدادی کاموں کیلئے فوج کو طلب کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ( ن) لیگ کسی ایک فرد پر نہیں بلکہ ادارے پر تنقید کر رہی ہے کیونکہ افراد سے ہی ادارہ ہوتا ہے،ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ نیوزی لینڈ کے معاملہ پر بھارت براہ راست ملوث تھا، جتنی سیکورٹی ہم نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دی اتنی ان کی فوج نہیں ہے،شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں( ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی صورت میں نیا اتحاد دیکھ رہاہوں جبکہ میں وزیر اعظم عمران خان کا ساتھی تھا اور انہی کے ساتھ رہوں گا۔