پیپلز سوشل ویلفیئراور بیداری سوسائٹیز کے زیر اہتمام انٹرنیشنل انسداد چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر سیمینار اور واک کا انعقاد

36

سرگودھا۔ 12 جون (اے پی پی):پیپلز سوشل ویلفیئر سوسائٹی سرگودھا اور بیداری کے زیر اہتمام انٹرنیشنل انسداد چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد بچوں کو جبری مشقت سے نجات دلاتے ہوئے ان کے حقوق کے لیے شعور بیدار کرنا تھا۔ انسداد چائلڈ لیبر ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پیپلز سوشل ویلفیئر سوسائٹی عبدالمنان چوہدری، رانا محمد زاہد، محمد بلال مون فرمان اللہ ودیگر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون تو موجود ہیں مگر عملدرآمد نہیں ہے ایک محتاط اندازے کے مطابق اس وقت تقریباً 2 کروڑ بچے تعلیم سے محروم اور تقریباً 1 کروڑ چائلڈ لیبر کا شکار ہیں۔

پاکستان کا دنیا میں چائلڈ لیبر کے حوالے سے چھٹا نمبر ہے۔ معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لیے بچوں کو تعلیم اور ٹیکنیکل ٹریننگ دینا ضروری ہے تاکہ وہ بھی معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ ان ننھے پھولوں کا خیال رکھیں اور ان کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ سیمینار میں سیاسی،سماجی اور صحافتی شخصیات کے علاوہ سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔