پیپلز پارٹی احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی، ملک میں موجودہ بحرانوں کے ذمہ دار عمران خان ہیں، رہنماپیپلز پارٹی سیدنیئرحسین بخاری اور فیصل کنڈی کی مشترکہ پریس کانفرنس

116

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی، ملک میں موجودہ بحرانوں کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ اتوار کو یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پی ڈی یم کے دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ بحرانوں کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پنجاب میں تو انتخابات کی تاریخ اور شیڈول تک جاری کر دیا گیا لیکن خیبرپختونخوا میں اس حوالہ سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت سے سیاسی جماعتوں کی استدعا کے باوجود پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالہ سے کیس کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں فل کورٹ بینچ نہیں بنایا گیا، ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔ نیئر حسین بخاری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی کی قیادت اور ورکرز دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ان فورمز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے گی جو یہ سمجھتے ہیں کہ ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دار عمران خان ہیں، چاہے وہ سیاسی یا معاشی عدم استحکام ہے اس کی ذمہ داری عمران پر ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کو میثاق استحکام کی ضرورت ہے، مبینہ آڈیو لیکس سے پی ٹی آئی کا چہرہ عوام کے سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن پرامن احتجاج میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں لانگ مارچ کیا لیکن اس دوران کوئی ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا، پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے جو کچھ کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں عدلیہ کا کردار کبھی بھی تابناک نہیں رہا، عدلیہ نے کئی متنازعہ فیصلے دیئے جن پر عمل درآمد نہ ہو سکا، فیصلوں پر عمل درآمد اس وقت ہوتا ہے جب فیصلے متنازعہ نہ ہوں۔

اس موقع پر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ملک کو زیادہ نقصان سے بچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر عدالت از خود نوٹس لے گی، ملک کے اداروں اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ ہم احتجاج میں اس لئے شرکت کر رہے ہیں تاکہ عدلیہ کو یاد کرایا جائے کہ آپ کا کردار آئین اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔