پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کےلئے جدوجہد جاری رکھے گی، وفاقی وزیر شازیہ مری کا خراج عقیدت

188
Shazia Murry

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 95 ویں سالگرہ پر پیپلزپارٹی کے جیالوں، کارکنان اور عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہیں اورشہید ذوالفقار علی بھٹو کی عوام اور جمہوریت کے استحکام کیلئے کی گئی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔

اپنے بیان میں ترجمان پی پی پی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا کہ قائد عوام نے ملک کے عوام کو اپنے حقوق کے حصول اور ظلم کیخلاف بات کرنے کی طاقت دی۔ شہید قائد عوام نے اپنے دور کے بدترین آمروں سے آئین کی بالادستی کی خاطر بہادری سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائد عوام کے نظریات اور مشن کو بہادری سے آگے بڑھایا۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن پر گامزن ہیں ۔پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کےلئے ہمیشہ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔