اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ویب انالسز ڈویژن کےڈائریکٹرجنرل احمدشمیم پیرزادہ نے کہا ہے کہ پیکا قوانین کے تحت اسلام، پاکستان اور عدلیہ سمیت دیگر اہم اداروں اور ملکی مفادات کے خلاف سوشل میڈیاپر جاری ہونے والے کنٹیکٹ اور پراپیگنڈا میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی، پی ٹی اے سوشل میڈیا ، ویب پیجز سمیت ہر پلیٹ فارم پر اس حوالے سے جاری ہونے والے کنٹیکٹ کو مانیٹرکر رہی ہے۔
انہوں نے پیر کو یہاں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور ایف آئی حکام کے ساتھ پریس کانفرنس کرتےہوئے ان خیالات کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے نے ملکی اداروں ، وطن کی سالمیت اور اعلیٰ عدلیہ سے متعلق منفی پراپیگنڈا کے حوالے سے کنٹیکٹ کومانیٹرکرنے کے لئے دوسرے اداروں کے ساتھ جن میں ایف آئی اے شامل ہے مل کر مانیٹرنگ کا ایک مربوط نظام وضع کیا ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی اے کی طرف سے آفیشلی ایک لنک بھی جاری کیا گیاہے تاکہ کوئی شخص بھی اس طرح کے مواد سے متعلق رابطہ کرکے اتھارٹی کو آگاہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کائونٹر ٹریررازم کے ادارے بھی ملکی قوانین کے تحت شوشل میڈیا پرجاری ہونے والے اس طرح کے منفی کنٹیکٹ سے متعلق پی ٹی اے کو رپورٹ کرنے کے پابند ہیں۔ ان رپورٹس کی روشنی میں اتھارٹی کارروائی پہلی بھی کرتی ہے اور اب اس پر سختی سے مزید عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے اس طرح کے مواد کو روکنے کے لئے اختیار رکھتی ہے اور اس حوالےسے عوا م کی آگاہی کے لئے میڈیا کمپنین بھی چلائی جاتی ہے ۔ ہم اپنے طور پر آگاہی کے لئے آرٹیکلز بھی لکھتے ہیں۔
پی ٹی اے سوشل میڈیاگائیڈ لائن اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ پی ٹی اے 3 سے 6 ماہ بعد باقاعدگی سے میٹنگزکرتی ہے تاکہ پراپیگنڈااور ملکی سالمیت کے ساتھ ساتھ عدلیہ اور دوسرے اداروں کے خلاف ایسے اقدامات کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے بچنے کے لئے عوام کی آگاہی بہت ضروری ہے۔
پی ٹی اے نے جھوٹ پھیلانے والی بہت سی سائٹس اور لنکس بند کئے ہیں ۔