اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کوئٹہ اور تربت کے علاقوں میں دہشتگردی کے دو مختلف واقعات میں ایف سی اہلکاروں پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کو اپنے تعزیتی بیان میں چئیرمن سینیٹ نے کہا کہ وہ واقعہ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی دہشتگردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے بہادر ایف سی اہلکاروں کو جلد شفا یاب کرے، انہوں نے کہا کہ شر پسند اور ملک دشمن عناصر کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے۔
پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا ہے، چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے، خطے کے امن کی بقا کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی، دہشت گردی کے واقعات پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے سے ہی امن اور ترقی ممکن ہے، دہشتگردی کے خلاف آواز ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم سے اٹھنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے دہشتگردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔