اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) حسنات قریشی نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکشن کا چارج سنبھال لیا۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی ہدایت پر پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے چئیرمین حسنات قریشی کو ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کا اضافی چارج دے دیا گیا ۔ حسنات قریشی فروری سے کیڈ کے ماتحت ادارے پیرا کے چیئرمین کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ حسنات قریشی نے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت نے انہیں ادارے کے معاملات خوش اسلوبی سے چلانے اور منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے سے متعلق ہدایات دیں۔ ڈاکٹر طارق فضل نے انہیں وزیر اعظم کے ویژن سے بھی آگاہ کیا جس کے مطابق اسلام آباد کے نظام تعلیم کو تمام ملک کیلئے رول ماڈل بنانا کیڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کیلئے وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کا آغاز کیا گیاہے جس کے تحت اسلام آباد کے تمام 422 سرکاری سکولوں و کالجوں کی فیزیکل اپ گریڈیشن کا کام کیا جائے گا۔