چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیراہتمام یوم تحفظ حقوق اطفال کے سلسلے میں آگاہی پروگرام کا انعقاد

205
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیراہتمام یوم تحفظ حقوق اطفال کے سلسلے میں آگاہی پروگرام کا انعقاد

فیصل آباد۔ 19 نومبر (اے پی پی):چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیراہتمام یوم تحفظ حقوق اطفال کے سلسلے میں آگاہی پروگرام منعقد ہوا جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل ڈاکٹر شہاب اسلم نے کی۔سی ای او(ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی)کاشف ضیاء،ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن روبینہ اقبال،چائلڈ پروٹیکشن آفیسرز، این جی اوز کے نمائندے وچائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچے بھی شریک تھے۔

شرکاء بچوں نے ”محفوظ بنیاد کل نہیں آج“،”بچوں کی حفاظت میں محتاط رہیں“،”بچوں کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری“ ودیگر تحریروں پر مشتمل بینرز اورپلے کارڈز اٹھا کر ٹیبلوز پیش کئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کومحفوظ حال اور مستقبل دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں لہذا ہرسطح پر نونہالوں کے حقوق کے تحفظ کویقینی بنانے میں سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحیح خطوط پر تعلیم وتربیت اور کردارسازی کرکے قوم کے معماروں میں خود اعتمادی پیدا کی جاسکتی ہے جس کے لئے والدین اور اساتذہ پرشدید ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کا دن منانے کا مقصدعوام الناس میں ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے آگہی پیداکرنا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل نے تحفظ حقوق اطفال کے سلسلے میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروسمیت دیگر اداروں وتنظیموں کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ قوموں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

دیگر مقررین نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر طبقہ کو ذمہ داریاں نبھانا ہونگی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن نے بچوں کے حقوق کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔