چائنا میڈیا گروپ اور پاکستان کی بحریہ یونیورسٹی نے  چینی جشن بہار کی تقر یب کا انعقاد کیا

55
Chinese Spring Festival Ceremony

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):چائنا میڈیا گروپ اور پاکستان کی بحریہ یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر جشن بہار اور لالٹن تہوار منانے کے لئے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔

اس موقع پر چائنا میڈیا گروپ اسلام آباد سٹوڈیو کی ڈائریکٹر ڈو جیانینگ نے چین کی ثقافت اور جشن بہار منانے کی رسم و رواج کا بتایا ۔بحریہ یونیورسٹی کے چائنہ سٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کے ڈائریکٹر کموڈور (ر) عمران الحق نے کہا کہ ایک دوسرے کی تہذیب و ثقافت کو جاننا عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے، پاکستان کے طلبہ خطیر رقم خرچ کرکے یورپ، امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں سخت شرائط پر تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں جبکہ وہ بہتر تعلیم عالمی رینکنگ میں پہلے 10نمبروں پر موجود چین کے ان تعلیمی اداروں میں کم خرچ اور آسان شرائط پر حاصل کر سکتے ہیں۔

تقریب میں پاکستان اور چین کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین، ڈائریکٹر جنرل سی پیک سیل، ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر صفدر علی شاہ، سابق ڈائریکٹر سی پیک حسان داؤد بٹ اور زندگی کےمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شریک طلبہ نے اس تقریب کے انعقاد کو چین بارے معلومات میں اضافے کے لئے انتہائی مدد گار قرار دیا ہے۔ اس موقع پر سی ایم جی اسلام آباد سٹوڈیو کی ڈائریکٹر ڈو جیانینگ (تبسم)نے طلبہ کے ساتھ چین کے مختلف تہواروں کے بارے میں کوئز بھی کھیلا جس میں درست جواب دینے والے طلبہ کو انعامات بھی دیئے گئے۔

اس موقع پر شرکاء نے مل کر جیاؤزی جنہیں پاکستان میں ڈمپلنگز کے نام سے زیادہ پہچانا جاتا ہے، وہ بھی بنائے اور بھرپور انداز میں جشن منایا۔ اس موقع پر سی پیک کے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر حسان داؤد بٹ نے بھی خطاب کیا ۔