چار ملکی ٹورنامنٹ، قومی باسکٹ بال ٹیم کے ٹرائلز کا آغاز 5مئی سے ہوگا

140

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے چار ملکی چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے قومی باسکٹ بال ٹیم کے چنائو کیلئے 5 مئی سے ٹرائلز لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اوج ظہور کے مطابق 7مئی تک پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری رہنے والے تین روزہ ٹرائلز میں باسکٹ بال فیڈریشن سے الحاق شدہ ڈویژنز ، صوبوں اور ڈیپارٹمنٹس کے نامزد کردہ ٹاپ پلیئرز حصہ لیں گے۔

اوج ظہور نے بتایا کہ ٹرائلز کے پہلے مرحلے میں 5 اور 6 مئی کو ڈویژنل کھلاڑیوں جبکہ دوسرے مرحلے میں 6اور 7 مئی کو ڈیپارٹمنٹل کھلاڑیوں کے ٹرائلز ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کرنل (ر) شجاعت علی رانا کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ ممبران میں محمد ریاض ملک، ڈی ایس پی ملک اعجاز اور مودود جعفری شامل ہیں ۔ قومی سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کے تین روزہ ٹرائلز لینے کے بعد قومی باسکٹ بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرے گی۔

اوج ظہور کے مطابق پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے رواں سال مالدیپ میں منعقد ہونیوالے چار ملکی چیمپئن شپ میں شرکت کرنا ہے جس کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کا بھرپور ٹریننگ اور کوچنگ پلان مرتب کیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کریں گے۔