چالیس لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کا سب سے بڑا فلاحی منصوبہ تیار،کامیاب پاکستان پروگرام کا 29 جولائی سے باضابطہ طورپر آغاز کیا جائیگا

58
چالیس لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کا سب سے بڑا فلاحی منصوبہ تیار،کامیاب پاکستان پروگرام کا 29 جولائی سے باضابطہ طورپر آغاز کیا جائیگا

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے   40 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کا سب سے بڑا فلاحی منصوبہ تیار کرلیا ہے جس کے تحت "کامیاب پاکستان” پروگرام 29 کا جولائی سے باضابطہ طورپر آغاز کیا جائیگا۔

اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت فیاض ترین اوروزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کے درمیان بدھ کویہاں ملاقات میں کیا گیا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی ملاقات میں شریک ہوئے ۔

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ وزیراعظم عمران خان 29 جولائی کو حکومت کے سب سے بڑے فلاحی منصوبے کا آغاز کریں گے، مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی،اس ضمن میں عثمان ڈار کو تیاریوں کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔

وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہ وزیراعظم نے عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے، ملکی سطح پر "کامیاب پاکستان” پروگرام 29 جولائی سے لانچ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہو گا، ہائوسنگ منصوبے، اسکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضے کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ ہوں گے،

ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات بھی کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل ہوں گے۔ شوکت ترین نے کہاکہ 40 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کیلئے جامع پلان بنایا گیا ہے، پروگرام کے تحت اربوں روپے کا بجٹ مختص کیا گیاہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈارنے اس موقع پرکہاکہ پروگرام کے تحت حکومت 5لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ فراہم کرے گی۔

کامیاب کسان پروگرام کے تحت کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کیلئے رقم ملے گی، حکومت ہر خاندان میں سے 1 فرد کو تکنیکی تعلیم وتربیت فراہم کرے گی ۔منصوبے کے ذریعے ملک بھر کی عوام کوکم لاگت گھروں کی سکیم میں شامل کیا جائیگا ۔ عثمان ڈارنے کہاکہ چھوٹے اورآسان قرضوں کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کا طریقہ کار بھی طے کیا گیا ہے۔