اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) پاکستان میں زیر کاشت مجموعی رقبہ کے 10 فیصد حصہ پر چاول کاشت کیاجاتا ہے، چاول کا زیر کاشت رقبہ 2.89 ملین ہیکٹر کے قریب ہے۔ چاول کی برآمدات سے سالانہ 2 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جاتا ہے۔ چاول کی برآمدات مجموعی قومی برآمدات میں تقریباً8 فیصد کی حصہ دار ہیں۔ اقتصادی جائزہ رپورٹ 2017-18ء کے مطابق چاول کی پیداوار میں 8 فیصد کا اضافہ ہوا اور برآمدات 6.84 ملین ٹن کے مقابلہ میں 7.44 ملین ٹن تک بڑھی ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے دوران چاول کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں اضافہ سے چاول کی قومی برآمدات میں 28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پاکستانی چاول اپنے ذائقہ اور معیار کی وجہ سے دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی چاول کی اپنی برانڈز متعارف کرائی جائیں تاکہ چاول پیدا کرنے والی دیگر ممالک کا عالمی منڈیوں میں بہتر مقابلہ کیا جا سکے۔