کراچی۔13مئی (اے پی پی):اوپنرز شاہ زیب خان کی سنچری اور آزان اویس کے ساتھ سنچری پارٹنرشپ نے پاکستان انڈر 19کو بنگلہ دیش انڈر19کے خلاف چوتھے ون ڈے میں 8وکٹوں سے کامیابی دلوادی، پاکستان انڈر 19ٹیم نے پانچ میچوں کی اس سیریز میں تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ سے ہفتہ کو یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان انڈر 19نے پہلا میچ 9وکٹوں سے اور دوسرا میچ 78رنز سے جیتا تھا جبکہ تیسرے میچ میں میزبان ٹیم نے4وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
راجشاہی میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں پاکستان انڈر 19نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش انڈر 19کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔میزبان ٹیم 46.4اوورز میں 199رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔عارف الاسلام نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50رنز بنائے۔ محفوظ الرحمن رابی نے34 اور شیخ پرویز نے 30 رنز اسکور کیے۔پاکستان انڈر19کی طرف سے ایمل خان نے 34رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ علی اسفند نے بھی3کھلاڑی 39رنز کے عوض آئوٹ کیا۔شاہ زیب خان اور آزان اویس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 152رنز بناکر اپنی ٹیم کی جیت کو آسان بنادیا۔
آزان اویس 7 چوکوں کی مدد سے 52رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔شاہ زیب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 105گیندوں پر 105رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے اور3چھکے شامل تھے۔کپتان سعد بیگ 15 گیندوں پر29رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے جس میں 2چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔پاکستان انڈر19 نے 37ویں اوور میں مطلوبہ اسکور 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ پیر کے روز کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں بدھ کو واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل ہوں گی۔