اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):چوتھی ایشین انٹرنیشنل اوپن تائیکوانڈو چیمپئین شپ کل منگل کو شروع ہو گی۔ پہلے روز جونیئرز کی 10 کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے جن میں میزبان پاکستان مصر،عمان،ایران، اورنیپال سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے، کھلاڑیوں کے ویٹ اور ڈراز کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان تائیکوانڈوفیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ نے پی ایس بی کے لیاقت جمنازیم میں ایشین چیمپئن شپ کیلئے پاکستانی ٹیم میں آفیشل کٹس اورٹریک سوٹس تقسیم کئے ۔
اس موقع پر 58 کیٹیگری کیلئے قومی سکواڈ میں شامل ہارون خان کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ کیلئے بھرپور تیاریاں کی ہیں ،ایونٹ میں ہمارا مقابلہ دنیا کے بہترین رینکنگ پلیئرزسے ہے کسی بھی فائٹ کو آسان نہیں لیں گے اس میگا ایونٹ کے حوالے سے ہمارے کوچز نے کھلاڑیوں کو تائیکوانڈو کے کھیل کی جدید ٹریننگ اور کھیل سے متعلق نئے قواعد و ضوابط سے مکمل آگاہی فراہم کی ہے پاکستان کیلئے میڈلزجیتنے کی ہرممکن کوشش کریں گے،
نقش ہمدانی کاکہنا تھا کہ صرف ملک کیلئے جیت کے جذبے کے ساتھ لڑیں گے اور اپنی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کر کے وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کریں گے ، سعد آصف نے کہا کہ ایشیا کے سب سے بڑے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی میرے لئے اعزاز کی بات ہے ٹریننگ سیشنز میں کوچز کی بھرپورمعاونت اور سینئر کھلاڑیوں کی سپورٹ حاصل ہے ،اس انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے مجھ سمیت دیگر جونیئرکھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار اور تجربے میں اضافہ ہوگا۔