چوتھے آف شور پیٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی کراچی آمد

91
پاک بحریہ کے نئے جنگی بحری جہاز پی این ایس یمامہ کی کراچی آمد،کمانڈر پاکستان فلِیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے استقبال کیا

کراچی۔ 01 فروری (اے پی پی):پاک بحریہ کا چوتھا آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کراچی پہنچ گیا،جہاز کی کراچی آمد پر پی این ڈاکیارڈ میں شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کمانڈر پاکستان فلِیٹ ریئر ایڈمرل عبد المنیب اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر پاکستان فلِیٹ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی این ایس یمامہ کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت سے ملک کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان جدید ترین کثیر جہتی جہازوں کی شمولیت سے بحر ہند میں پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام کو بھی تقویت ملے گی۔

پی این ایس یمامہ درمیانے سائز کا ایک کثیر المقاصد اور انتہائی سبک رفتار جہاز ہے جو اپنی حفاظت اور ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے۔

یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کو ساتھ رکھتے ہوئے آزادانہ طور پر اور کسی بھی ٹاسک فورس کے ساتھ مل کر لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پی این ایس یمامہ آف شور پٹرول ویسل بیچ- II کا چوتھا جہاز ہے،جسے ڈیمن شپ یارڈز، گلاتی، رومانیہ میں بنایا اور کمیشن کیا گیا ہے۔پی این ایس یمامہ کی استقبالیہ تقریب میں پاک بحریہ کے افسران اور سی پی اوز، سیلرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔