28.2 C
Islamabad
پیر, مئی 26, 2025
ہومعلاقائی خبریںچوری شدہ موبائل فونز کی برآمدگی کے لیے ای گیجٹ ایک موثر...

چوری شدہ موبائل فونز کی برآمدگی کے لیے ای گیجٹ ایک موثر مانیٹرنگ سسٹم، 400 موبائل فونز مالکان کے حوالے کر دئیے گئے

- Advertisement -

ملتان۔ 25 مئی (اے پی پی):پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) نے پولیس کے اشتراک سے ایک جدید "ای گیجٹ مانیٹرنگ سسٹم” تیار کیا ہے جس کی بدولت شہریوں کے گم یا چوری شدہ موبائل فونز کی تلاش اور برآمدگی ممکن ہوئی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روایتی تفتیش کے بجائے جدید انداز اپنایا گیا ہے۔ ملتان پولیس ترجمان نے بتایا کہ ای گیجٹ ایپ کی مدد سے رواں سال کے گذشتہ 4 ماہ میں 400 سے زائد موبائل فونز، جن میں مہنگے آئی فونز بھی شامل ہیں، اس وقت برآمد کیے گئے جب چور انہیں بلیک مارکیٹ میں فروخت کر رہے تھے۔

ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کی افادیت پر بات کرتے ہوئے پولیس افسر ساشہ علی نے بتایا کہ یہ نظام چوری شدہ موبائل فونز کی مارکیٹ میں خرید و فروخت کو روکنے میں ایک "گیم چینجر” ثابت ہوا ہے۔ان کے مطابق پنجاب پولیس نے PITB کے تعاون سے اس سسٹم کو ڈیزائن کیا اور بعد ازاں ملتان میں موبائل فون کے کاروبار سے وابستہ دکانداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے۔ ملتان میں اس وقت تقریباً 8200 موبائل فون کی دکانیں کام کر رہی ہیں جہاں ملکی اور غیر ملکی برانڈز کی خرید و فروخت ہوتی ہے ۔

- Advertisement -

سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کا کہنا تھا کہ اس غیر قانونی کاروبار کی روک تھام کے لیے ملتان پولیس نے ای گیجٹ ایپ متعارف کروائی اور تمام دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہر فون کی تفصیلات ایپ میں درج کریں۔ ہر موبائل فون کے IMEI نمبر سمیت فروخت کنندہ کا شناختی کارڈ نمبر اور تصویر ایپ میں محفوظ کرنا لازم قرار دیا گیا۔ صادق علی ڈوگر کے مطابق، چوری شدہ فون کی اطلاع ایپ پر آتے ہی ایف آئی آر فوری طور پر درج کی جاتی ہے اور متعلقہ پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیتی ہے۔

ایپ کا ایک اہم فیچر یہ بھی ہے کہ کوئی بھی صارف کسی فون کا IMEI نمبر داخل کر کے معلوم کر سکتا ہے کہ آیا وہ فون چوری شدہ یا گمشدہ تو نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس جدید سسٹم سے موبائل فون کے چوری یا چھیننے کے واقعات میں واضح کمی ہوگی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601159

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں