مظفرآباد۔18اپریل (اے پی پی):آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیری حریت رہنماؤں سید صلاح الدین اور فاروق رحمانی سمیت کئی کشمیریوں کے خلاف کارروائی اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز اور فوجی قبضے کے خلاف علم بغاوت بلند کیا اور جب بھارتی فوج کے مظالم حد سے بڑھ گئے تو کشمیریوں نے اپنے خطے آزادکشمیر میں آ کر پناہ حاصل کی، بھارتی قابض حکومت کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف کارروائی اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سراسر خلاف ورزی ہے
کیونکہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں ہے اور اقوام متحدہ نے اسے متنازعہ مسئلہ قرار دیکر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی قرارداد منظور کر رکھی ہے جس پر عملدرآمد ہونا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہا کر رہی ہے بوڑھوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور خواتین بھی اس سے محفوظ نہیں ہیں ،یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے پُرعزم ہیں اور وہ سبز ہلالی پرچم سے بے پناہ محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں اور پاکستان کے تعلق کو ختم نہیں کر سکتی کیونکہ اسکی بنیاد لا الہ الا اللہ ہے۔انہوں نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے خلاف قابض بھارتی حکومت کے اقدامات کا نوٹس لے
ورنہ کشمیری اپنی عسکری جدوجہد کا حق محفوظ رکھتے ہیں کیونکہ کشمیری کسی طور بھی بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے انہوں نے تحریک آزادی کیلئے جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں اور وہ الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584279