چوہدری فواد حسین کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 6 جون تک ملتوی ، ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم

Election Commission
Election Commission

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماچوہدری فواد حسین کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 6 جون تک ملتوی کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔منگل کو الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اس موقع پر چوہدری فواد حسین کی جانب سے ان کے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے انہوں نے بتایا کہ چوہدری فواد حسین لاہور ہائی کورٹ میں ہیں،چوہدری فواد حسین کے پیش ہونے میں کوئی مسئلہ نہیں تاہم دو جگہوں پر پیش ہونا مشکل ہے۔

میں ان کو ملنے والے نوٹس کا جواب جمع کروا رہا ہوں،نوٹس کا جواب مطمئن کرے تو شوکاز نوٹس جاری نہ کریں،انہوں نے موقف اختیار کیا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کے اختیارات کے حوالے سے اعتراضات ہیں،چیف الیکشن کمشنر نےاستفسار کیا کہ کیاتوہین کے مرتکب آئے ہیں،پہلے چوہدری فواد حسین کی حاضری پر بات کریں،کیس کی چھ سماعتیں ہوچکی ہیں، توہین کے مرتکب پیش ہوں تو ہم دلائل سنیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اگلی سماعت پر چوہدری فواد حسین ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔انہوں نے چوہدری فواد حسین کے وکیل سے کہا کہ اگلی سماعت پر ہم آپ کےدلائل سن لیں گے،آپ کا جواب بھی پڑھ لیں گے۔اگلی سماعت پر شوکاز نوٹس جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ دے دیں گے۔